Web
Analytics
عظمت اور برکت والا مہینہ ۔۔۔ ڈاکٹر شمائلہ خرم – Lahore TV Blogs
Home / کالم / عظمت اور برکت والا مہینہ ۔۔۔ ڈاکٹر شمائلہ خرم

عظمت اور برکت والا مہینہ ۔۔۔ ڈاکٹر شمائلہ خرم

ماہ رمضان کا مہینہ بہت عظمت اور برکت والا ہے اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ رجب میرا مہینہ ہے ماہ شعبان حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مہینہ ہے اور ماہ رمضان میرے محبوب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کا مہینہ ہے ماہ رمضان میں عبادت کا ثواب عام مہینوں کی نسبت کئی گنا زیادہ ہے کیونکہ ماہ رمضان رحمت ،مغفرت اور نجات کا مہینہ ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’یہ ایسا مہینہ

ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت درمیانی عشرہ مغفرت اور آخری عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے ‘‘ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالی ہے کہ ’’رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو انسانوں کے لئے ہدایت ہے اور اس میں ہدایت کی واضح اور حق و باطل سے جدا کرنے والی دلیلیں ہیں پھر تم میں سے جو شخص اس مہینے کو پائے تو اسے چاہئے کہ روزے رکھے‘‘(البقرہ185)۔رمضان مبارک میں اللہ تعالی نے قرآن پاک نازل کیا تاکہ لوگ فلاح پائیں اسی لئے اس مہینہ میں عبادت کا اجر بھی اللہ نے بہت بڑا رکھ دیا ہمارے پیارے نبی محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ’’اس مہینہ میں چار چیزوں کی کثرت رکھو1۔کلمہ طیبہ2۔استغفار3۔جنت کی طلب 4۔جہنم کی آگ سے پناہ‘‘حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا’’جب رمضان کا مہینہ داخل ہوتا ہے تو آسمان کے دروازے (ایک روایت میں جنت کے دروازے اور دوسری روایت میں رحمت کے دروازے)کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیریں پہنا دی جاتی ہیں ‘‘ایک اور حدیث میں ہے کہ ’’ رسولؐاللہ نے فرمایا جن آدمیوں نے ایمان اور احتساب کے ساتھ روزے رکھے اس کے پہلے کے گناہ معاف کر دیے جائیں گے‘‘ حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ’’ رسولؐ اللہ نے فرمایااللہ تعالیٰ فرماتا ہے کیونکہ روزہ میرے لیے ہے اورمیں ہی اس کی جزا دوں گا‘‘۔حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہیں کہ’’

رسولؐاللہ نے فرمایا رمضان میں اللہ کی طرف سے ایک ایسی رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ جو اس رات کی بھلائی سے محروم رہا وہ بس محروم ہی رہ گیا‘‘۔ماہ رمضان کو دوسرے الفاظ میں صبر کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے جس طرح صفائی نصف ایمان ہے اسی طرح روزہ نصف صبر ہے اور صبر کا اجر جنت ہے یہ ہمدردی اور غم خواری کا مہینہ ہے اس مہینہ میں مومن بندوں کے رزق میں فراخی اور اضافہ کیا جاتاہے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان المعظم کی آخری

تاریخ کو خطبہ دیتے ہوئے ماہ رمضان کی اہمیت کو اجاگر کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ’’لوگوتم پر ایک عظمت اور برکت والا مہینہ سایہ فگن ہو رہا ہے اس مبارک مہینہ کی ایک رات (شب قدر)ہزار مہینوں سے افضل ہے ‘‘شب قدر کیا ہے۔ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے‘‘(القدر: 1تا3)اسی طرح قرآن پاک میں ارشاد باری تعالی ہے کہ ’’اے ایمان والوتم پر روزے فرض کئے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم متقی ہو جائو‘‘سورۃ البقرہ آیت نمبر 183۔

اللہ تعالی نے اس مہینہ کو تمہارے لئے رحمت ،مغفرت،برکت اور عظمت والا مہینہ قرار دیا ہے اس ماہ میں اللہ جنت کے دروازے کھول اور جہنم کے دروازے بند کر دیتا ہے اللہ رب العزت فرماتے ہیں اس مہینہ میں میں اپنے بندے کے بہت قریب ہوتا ہوں کہ ہمارے درمیان کوئی پردہ نہیں ہوتا ۔ایک بار حضرت موسی علیہ سلام نے اللہ سے پوچھا کہ یا اللہ جتنا میں آپ کے قریب ہوں آپ سے بات کر سکتا ہوں اتنا کوئی اور آپ کے قریب ہے ۔۔؟اللہ تعالی نے فرمایا کہ اے موسی!آخری وقت میں ایک امت آئے

گی وہ امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ہوگی اور اس امت کو ایک مہینہ ایسا ملے گا جس میں وہ سوکھے ہونٹوں ،پیاسی زبان ،خشک آانکھیں ،بھوکے پیٹ جب افطار کرنے بیٹھے گی تب میں ان کے بہت قریب رہوں گا موسی تمہارے اور میرے درمیان ستر پردوں کا فاصلہ ہے لیکن افطاری کے وقت اس امت اور میرے درمیان ایک پردے کا بھی فاصلہ نہ ہوگا اور جو دعا وہ مانگیں گے اسے قبول کرنا میری ذمہ داری رہے گی ۔۔۔ سبحان اللہ ۔۔اس واقعہ سے بھی واضح ہوتا ہے کہ رمضان ہمارے لئے کتنی

رحمتوں بھرا مہینہ ہے اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ اگر میرے بندوں کو معلوم ہوتا کہ رمضان کیا ہے تو سارے یہی تمنا کرتے کہ کاش سارا سال رمضان ہوتا اللہ تعالی کی رحمتوں کو لوٹنے کا ہمیں سنہری موقع مل رہا ہے ہمیں اپنے خالی دامن کو رحمتوں سے بھر لینا چاہئے اللہ تعالی ہمیں سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے اس مبارک مہینہ کے روزے رکھنے کی توفیق عطافرمائے آمین ثم آمین۔