Web
Analytics
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور خان اور شیخ رشید کے درمیان جھگڑا،بات وارننگ تک پہنچ گئی – Lahore TV Blogs
Home / پاکستان / وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور خان اور شیخ رشید کے درمیان جھگڑا،بات وارننگ تک پہنچ گئی

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور خان اور شیخ رشید کے درمیان جھگڑا،بات وارننگ تک پہنچ گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر پٹرولیم غلام سرور خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مابین نوک جھونک ہوگئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شکوہ کیا کہ ای سی سی نے منظوری دی تھی کہ وزارت پٹرولیم کا ذیلی ادارہ پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) ملک بھر میں آئل کی ٹرانسپورٹیشن پاکستان ریلویز کے ذریعے کرے گا تاکہ آئے روز شاہراہوں پر آئل ٹینکروں کے حادثات سے بچا جائے، ریلوے کم وقت میں زیادہ مقدار میں آئل ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک منتقل کرسکتا ہے۔لیکن پی ایس او آئل کی ٹرانسپورٹیشن پاکستان ریلویز کے ذریعے نہیں کررہا ۔جس پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے شیخ رشید احمد کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہر وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے چکر میں رہتے ہیں ۔ ہمیشہ ایسا نہ کیا کریں ۔ای سی سی نے چند روز قبل ہی

تو اس سلسلے میں منظوری دی ہے ، اس پر عملدرآمد جلد ہوجائے گا ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کئی وزرا اثاثہ جات ظاہر کرنے کی ایمنسٹی اسکیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔وزراء نے اپنے کپتان عمران خان سے کہا کہ پی ٹی آئی تو ایمنسٹی اسکیموں کی مخالف رہی ہے اب عوام کو کیا جواب دیں گے؟ وزیراعظم نے بھی ایمنسٹی اسکیم کو پارٹی منشور کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اگر اسکیم لانی ہے تو قوم کو اعتماد میں لینا ہوگا کہ اس کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم پر مزید مشاورت کے لئے اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جو کابینہ ارکان ایمنسٹی اسکیم میں تجاویز دینا چاہتے ہیں، اجلاس میں شریک ہوں۔ذرائع نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں 2 گھنٹے سے زائد وقت ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، کابینہ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کے مثبت اور منفی پہلووں کا جائزہ بھی لیا گیا۔