Web
Analytics
لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے، سعد رفیق عمران خان پر برس پڑے – Lahore TV Blogs
Home / اہم خبریں / لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے، سعد رفیق عمران خان پر برس پڑے

لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے، سعد رفیق عمران خان پر برس پڑے

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوںنے لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج کو آئندہ عام انتخابات کا ٹریلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی غلط فہمی تھی اے ٹی ایم سے نوٹ نکلتے ہیں ووٹ نہیں ، جہانگیر ترین نے عوام کو نہیں عمران خان کو بلینک چیک دیا تھا، پارٹی کے سربراہ کو جہاز دینے سے عوام مطمئن نہیں ہوتے ،لودھراں میں پیسہ ہار گیا اورخدمت جیت گئی ۔ان خیالات کا اظہار رہنمائوںنے لودھراںکے ضمنی انتخاب میں لیگی امیدوار کی کامیابی پر اپنے بیانات میں کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے،گالی نہیں دلیل، سازش نہیں عمل، ظلم نہیں عدل، جھوٹ نہیں سچ، دعوے نہیں خدمت، کام کام اور صرف کام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے ۔سعد رفیق نے کہا کہ چکوال کے بعد لودھراں کا پیغام سن لو ، ووٹ کی حرمت کو تسلیم کرو،اکثریت پر اقلیت کے فیصلے مت ٹھونسو۔ انہوں نے کہا کہ لعنت ملامت کی گندی سیاست اہل لودھراں کے ووٹوں تلے دفن ہو گئی ہے۔اراکین اسمبلی ملک ریاض ، وحید گل ، سیف الملوک کھوکھر،حنا پرویز بٹ، بائو اختر علی ،میاں مرغوب ، (ن) لیگ مشاورتی کونسل کے ممبر میاں عثمان نے اپنے بیانات میں کہا کہ لودھراں کے ضمنی انتخاب کے نتائج نے دھرنا سیاست کو مستر دکر دیا ہے ۔عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور اس کے بعد سے پی ٹی آئی والوں کے گھروں میں سیاسی صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے یاد رکھیں دھول اڑائو فارمولے کے ذریعے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی اور لودھراں ضمنی انتخاب کا نتیجہ اس کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور اس میں تقسیم کے خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام رہیں گے۔